شام: شہری آبادی پر فضائی حملے، 8 شہری ہلاک

Syria Air Strikes

Syria Air Strikes

ادلب (جیوڈیسک) شام میں بشار الاسد انتظامیہ کی طرف سے کل رات کے وقت “ادلب ٹینشن فری زون “میں شہری آبادی پر فضائی حملے کئے گئے جن کے نتیجے میں 8 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسد انتظامیہ کے جنگی طیاروں نے تحصیل ادلب کے جنوبی دیہات کفر عین، حاص اور تابش میں رات گئے بھاری فضائی حملے کئے۔

سول ڈیفنس ٹیموں سے موصول معلومات کے مطابق حملوں میں حاص میں 2، تابش میں ایک اور کفر عین میں 5 شہریوں سمیت کُل 8 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

سول ڈیفنس ٹیموں کے مطابق کفر عین کا حملہ بہت شدید تھا اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ 3 دن میں اسد انتظامیہ اور اس کے حامی روس کی طرف سے ادلب ٹینشن فری زون کے اندر کئے گئے فضائی و زمینی حملوں میں 28 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔