امریکا (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے شامی حکومت کو کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کر نے کے بین الاقعامی معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے سنگین تنائج کی دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برلن میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ہمراہ صحافیوں سے بات کر تے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ شامی صدر بشار الاسد کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کر نے کے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، وہ شامی صدر کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ امریکا اور روس کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں واضح طور پر کہا گیا تھا۔
خلاف ورزی کی صورت میں معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سپرد کر دیا جائے گا اور سلامتی کونسل کے باب 7 کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد کے لئے پابندیاں اور فوجی طاقت کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا ہر روز انسانی تباہی دیکھ رہی ہے، شام کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کر نی چاہیئے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے شام میں صلح کار نے بھی شامی حکومت کو جینیوا میں ہونے والے دوسری کانفرنس کی ناکامی کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا ہے شامی حکومت ملک میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لئ سنجیدہ نہیں ہے۔