اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ شام کی صورتحال بہت خطرناک ہے جو مسلم دنیا کو لپیٹ میں لے سکتی ہے، مسلم دنیا کے تمام تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کو موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ مسلم لیگ ن کے چیئرمین سینیٹر راجا ظفر الحق کا اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ مسلم امہ کے تنازعات کے حل کیلئے ہی اوآئی سی بنائی گئی تھی مگر ابتدائی قیادت منظر سے ہٹنے کے بعدوہ غیر موثر ہوگئی۔
راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی دعویدار عالمی قوتوں کو ایسی حکومتیں پسند نہیں جہاں مسلم قوتیں برسراقتدار آئیں، اسی لئے مصر کے صدر کو ہٹا دیا گیا۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں غیر جمہوری حکمران استعماری قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، حضرت زینب کے مزار پر حملہ ہوا اور سب خاموش ہیں جو افسوسناک ہے۔