غوطہ (جیوڈیسک) شام کے علاقے غوطہ میں پانچ گھنٹے کی جنگ بندی کا آغاز ہو گیا۔غوطہ میں دس روز سے جاری بمباری میں 560 شہری جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ عمارتیں کھنڈارت میں تبدیل ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، شام کےعلاقے غوطہ میں گزشتہ دس روز سےجاری لڑائی کے بعد آج سے روزانہ 5 گھنٹے کی جنگ بندی کا آغاز ہوگیا۔ لڑائی میں وقفہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہوا جو دن دو بجے تک جاری رہے گا۔
روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لڑائی میں روزانہ پانچ گھنٹے وقفہ لانے کا حکم دیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت شہریوں کو علاقے سے نکلنے کے لیے راستہ بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
اس کارروائی میں شامی فوج کو روس کی حمایت حاصل ہے۔ یہاں 393,000 شہری محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ کئی گھر تباہ ہو گئے۔ وائٹ ہیلمٹ کی جانب سے جاری ویڈیو میں اہلکار ملبے تلے دبے بچوں کو نکال رہے ہیں۔