شام: صوبہ درعا میں مسجد کے باہر بم دھماکہ، 22 نمازی شہید

Syria

Syria

بیروت (جیوڈیسک) شام کے صوبے درعا میں مسجد کے باہر بم دھماکہ، 22 نمازی شہید، 30 زخمی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ درعا کے قصبہ نمار میں ایک مسجد کے باہر بم دھماکہ ہواجس کے نتیجے میں 22 نمازی شہید جبکہ 30 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد آ رہے تھے۔

دھماکہ خیز مواد مسجد کے باہر کھڑی ایک کار میں نصب کیا گیا تھا۔شامی مبصر گروپ کے مطابق تاحال واضح نہیں کہ یہ کس کی کارروائی ہے۔ دوسری جانب حلب شہر میں سرکاری فورسز کی بمباری کے نتیجے میں 10 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ذرائع کے مطابق فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے رہائشی علاقوں پر بیرل بم گرائے جس سے متعدد گھر بھی تباہ ہو گئے۔

واضح رہے کہ شامی فورسز رہائشی علاقوں پر بمباری کرتی ہیں جس کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، عالمی سطح پر اس اقدام کی شدید مذمت بھی کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا شمالی عراق میں امریکی لڑاکا طیاروں نے داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی جس میں جنگجوؤں کی متعدد بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔