شام: ضلع ادلب میں دھماکہ، 32 افراد ہلاک اور 45 زخمی

Syria Blast

Syria Blast

ادلب (جیوڈیسک) شام کے ضلع ادلب کی تحصیل سرمادا میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 32 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔

ادلب سول ڈیفنس ‘ وائٹ ہیلمٹ’ کے منیجر مصطفیٰ حاجی یوسف نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تحصیل سرمادا کی بُلبل ہوا سرحدی چوکی کے صحن میں شمالی حمص سے جبری ہجرت کرنے والے مہاجرین کے قیام کی جگہ پر صبح کے وقت 4 بجے کے قریب بڑے پیمانے پر دھماکہ ہوا۔

حاجی یوسف کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں مہاجرین کے قیام کی 6 منزلہ دو عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں اور 32 شہری ہلاک اور کم از کم 45 زخمی ہو گئے ہیں۔

تلاش اور بچاو کے کاموں میں 13 شہریوں کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا گیا ہے اور زخمیوں کو اطراف کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حاجی یوسف کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے اطراف کی بہت سی عمارتوں کا بھی نقصان پہنچا ہے۔

سول ڈیفنس کی ٹیمیں تلاش و بچاو کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حکام دھماکے کی وجہ کی تحقیق کر رہے ہیں۔