واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر باراک اوباما نے شام میں جنگ بندی کے دو ہفتوں کو شام کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے، انہوں نے روس کو خبردار کیا کہ جنگ بندی پر متفق تمام فریقوں کو شام میں حملے روکنے ہوں گے۔
امریکی صدرنے شام کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام کے مستقبل کے لئے آنے والے چند ہفتے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اگر جنگ بندی کامیاب رہتی ہے تو یہ شام سے افراتفری اور تشدد کے خاتمے کی جانب پہلا ٹھوس قدم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ شام میں جنگ بندی کے لئے شامی حکومت، روس اور دیگر اتحادیوں کو حملے روکنا ہوں گے۔ امریکی صدر نے شامی صدر بشار الاسد کے اقتدار چھوڑنے پر ایک بار پھر زور دیا، ادھر روس نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ امریکا جنگ بندی کا احترام کرے گا۔