جکارتا (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ روس بشار الاسد کو مضبوط کر رہا ہے، اسے مذاکرات کا حامی ہونا چاہیے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام کی بشار رجیم کو جنیوا ٹو میں مذاکرات کی راہ میں روڑے اٹکانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
جان کیری نے جنیوا ٹو میں پیش رفت نہ ہو سکنے اور شام میں جاری جنگی ماحول میں شدت کے حوالے سے کہا ہے کہ بشار رجیم ابھی تک مذاکرات پر بھروسہ کرنے کے بجائے میدان جنگ کو ترجیح دے رہی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے اس موقع پر روس کی بھی مذمت کی کہ روس بشار الاسد کو جنگ زدہ ملک کے اقتدار میں رکھنا چاہتا ہے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ روس کو مسئلے کے مذاکرات کے ذریعے حل کا حامی ہونا چاہیے لیکن وہ بشار کی مدد کر رہا ہے۔