شام میں داعش نے عیسائیوں سمیت 200 سے زائد افراد کو اغوا کر لیا

ISIS

ISIS

بیروت (جیوڈیسک) شام میں داعش کے جنگجوؤں نے 200 سے زائد افراد کو اغوا کرلیا جن میں 60 عیسائی بھی شامل ہیں۔

شام میں موجود نگراں گروپ کے مطابق داعش نے علاقے پر قبضے کے چند گھنٹے بعد ہی لوگوں کو اغوا کرنا شروع کردیا اور ان تمام افراد کو شام کے علاقے القریاتین سے اغوا کیا گیا ہے۔

نگراں گروپ کے ترجمان رامی عبدالرحمان نے بتایا داعش کے جنگجوؤں نے پہلے علاقے میں عیسائیوں کی تلاش کی پھر انہیں اغوا کیا جب کہ دیگر افراد میں وہ لوگ شامل ہیں جو داعش کو مطلوب تھے اور وہ شامی حکومت کی مدد کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شام کے شمالی صوبے حلب میں داعش کے قبضے کے بعد عیسائی آبادی کی اکثریت علاقے سے فرار ہوکر القریاتین آگئی تھی اورشام میں خانہ جنگی سے قبل اس علاقے کی آبادی 18 ہزار تھی جن میں 2 ہزار عیسائی بھی شامل ہیں۔