دمشق (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے شام پر اسرائیل کے تازہ حملے میں اپنے دو افسروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہویے اس کارروائی کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری طرف اسرائیل نے اپنے دو اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد حملوں کے خدشے کے پیش نظر الرٹ کی سطح کو بڑھا دیا۔
شامی حکومت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (سانا) کے مطابق پیر کی صبح ایک اسرائیلی بمباری نے شام کے جنوبی علاقے کو نشانہ بنایا۔
اس نے واضح کیا کہ بمباری میں دارالحکومت دمشق کے آس پاس کے کچھ مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور اس میں شہریوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
گذشتہ برسوں کے دوران اسرائیل نے شام میں سیکڑوں فضائی حملے کیے، جن میں باقاعدہ افواج کے ٹھکانوں، ایرانی اور لبنانی حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا، لیکن حالیہ ہفتوں میں اس کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔
24 فروری کو دارالحکومت دمشق کے اطراف کے علاقوں میں اسرائیلی حملے میں تین شامی فوجی مارے گئے تھے۔
اس کے علاوہ صرف فروری کے مہینے میں شام کے اندر چار اسرائیلی فضائی حملے ریکارڈ کیے گئے۔
اسرائیل شاذ ہی شام میں حملے کرنے کی تصدیق کرتا ہے لیکن اس نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ شام میں ایران کی فوجی موجودگی کو بڑھانے کے لیے ایران کی کوششوں کا مقابلہ کرتا رہے گا۔