جنیوا (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے زیر اہتمام سوئٹزرلینڈ میں شام میں خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات معطل کر دیئے گئے۔ مذاکرات کے معطل کرنے کا اعلان اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سٹفن ڈی مسٹورا نے کیا۔ انہوں نے کہا پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے مذاکرات معطل کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا تعطل عارضی ہے، مذاکرات کا دوبارہ آغاز 25 فروری کو ہو گا۔ شامی حزب اختلاف کے نمائندے ریاض حجاب نے کہا ہے جب تک جنگ روکنے کے عملی اقدامات نہیں کئے جاتے وہ مذاکرات نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنگ بندی کی جائے اور جنگ زدہ علاقوں تک خوراک اور دوسرا امدادی سامان پہنچایا جائے۔
دوسری جانب شامی حکومت کے نمائندے بشار جعفری نے الزام عائد کیا ہے کہ حزب اختلاف سعودی عرب، قطر اور ترکی کے دباؤ پر مذاکرات سے دستبردار ہوئی ہے۔