لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکہ نے شام پر حملہ کیا تو یہ اس کی آخری غلطی ہوگی۔ پوری دنیا امریکہ کے جنگی جنون کی بھینٹ چڑھی ہوئی ہے۔ جاری اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے امریکی صدر باراک اوباما کی طرف سے شام پر حملہ کرنے کے ناپاک عزائم اور اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی ادارے کی کوئی پرواہ نہ کرنے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ امریکہ کے اسی دہشت پسند اور متکبرانہ رویے نے دنیا کے امن کو تباہ کیا ہے۔ چین اور روس کی طرف سے سلامتی کونسل میں شام پر حملے کی مخالفت کے باوجود امریکہ کا ہر صورت حملہ کرنے کا اصرار دنیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کا اعلان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو بہانہ بنا کر وہ عرب ممالک میں گھسنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی غلامی اور منافقت سے نکل کر مسلمانوں کو عالمی غنڈوں اور قاتلوں کے سربراہ امریکہ سے تحفظ دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔