حلب کا بڑا حصہ بشار الاسد کی حامی فوج کے قبضے میں

Aleppo

Aleppo

شام (جیوڈیسک) شام کے سرکاری دستوں نے ملک کے مشرقی شہر حلب میں باغیوں کے زیرِ قصبہ علاقے کے ایک تہائی حصے کو بازیاب کرا لیا ہے۔ شدید فضائی بمباری کی مدد سے سرکاری فوج کی پیش قدمی کو مبصرین صدر بشار الاسد کے مخالف مسلح باغیوں کے لیے ایک بڑی شکست قرار دے رہے ہیں۔

سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ سرکاری فوج بارودی سرنگیں اور دھماکہ خیز مواد کو صاف کر کے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ اختتام ہفتے کو شدید لڑائی کے بعد ہزاروں شہری محصور علاقوں سے نکل گئے ہیں۔ ہزاروں خاندان اسی علاقے میں بے گھر ہو گئے ہیں۔

باغی جنگجوؤں کو حلب کے ان علاقوں سے جن پر ان کا ایک طویل عرصے سے قبضہ تھا پیچھے دھکیل دیا گیا ہے اور سرکاری فوج کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔ سرکاری ٹی وی اور برطانیہ میں قائم سیرین آبزرویٹری گروپ کا کہنا ہے کہ ضلع الصاخور پر بھی سرکاری فوج کا قبضہ ہو گیا ہے۔

سرکاری فوج کی الصاخور میں پیش قدمی سے باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے دو حصوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔

حلب کی گلی کوچوں اور محلوں میں ہونے والی لڑائی کی صحیح صورت حال کے بارے میں معلوم کرانا انتہائی مشکل ہے لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کی لڑائی میں باغیوں کے ہاتھوں سے بڑا علاقہ نکل گیا ہے اور ماضی میں جس علاقے پر وہ قابض تھے اس میں سے صرف دو تہائی حصہ ان کے ہاتھوں میں رہ گیا ہے۔

روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے شہر کے بارہ اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے اور باغیوں کے ہاتھوں سے چالیس فیصہ حصہ نکل گیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ پیر کو بھی باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر شدید فضائی بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔ شامی فوج اور اس کے اتحادیوں نے اس سال ستمبر میں حلب شہر کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے ایک بڑی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

حلب شہر پر جب سے حملے شروع ہوئے ہیں شہریوں کی بڑی تعداد گھر بار چھوڑ کر ان علاقوں کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں جو یا تو سرکاری فوج کے قبضے میں ہیں یا ان پر کرد گروپوں کا قبضہ ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم سیرئن ابزرویٹری کا کہنا ہے کہ دس ہزار کے قریب لوگ یا تو سرکاری فوج کے زیر قصبہ علاقوں میں چلے گئے ہیں یا کرد کے زیر اثر شمالی ضلع میں منتقل ہو گئے ہیں۔

سرکاری ٹی وی پر مردوں، عورتوں اور بچوں کو ہرے رنگ کی بسوں میں محفوظ علاقوں میں منتقل ہوتے ہوئے دکھایا گیا۔ حلب شہر کے شیخ مقصود کا علاقہ جس پر کرد گروپوں کا قبضہ ہے اور انھوں نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے نکلنے والے شہریوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔

مہاجرین کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کشمنر کے ترجمان سکاٹ کریگ نے بی بی سی کو بتایا کہ مشرقی حلب میں ڈھائی لاکھ افراد کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ ان ڈھائی لاکھ افراد میں ایک لاکھ کے قریب بچے بھی شاممل ہیں۔

سکاٹ کریگ کا کہنا ہے کہ ‘مشرقی حلب میں جو صورت حال ہے وہ ان لوگوں کے وہم و گماں سے باہر ہے جو وہاں موجود نہیں ہیں۔’

حلب شہر کے مشرقی حصے میں موجود سات سالہ بانا الباد جن کی ٹویٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں ہزاروں لوگ ان کی ٹویٹ کو دیکھنے والوں میں شامل ہو گئے ہے انھوں نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ شہر کے مشرقی حصے میں واقع ان کے گھر پر بھی بم گرے ہیں۔

انھوں نے لکھا ‘شدید بمباری جاری ہے۔ زندگی اور موت کے درمیان ہیں، برائے مہربانی ہمارے لیے دعا کریں۔’ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ سٹیفن او برائن نے کہا کہ چھ دن قبل حلب پر شروع ہونے والی بمباری میں ہزاروں شہری ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔