دمشق (جیوڈیسک) دمشق امریکہ کی جانب سے سیکورٹی کونسل کی مرضی کے بغیر شام پر حملے کی دھمکی نے خطے میں صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ شام پر ممکنہ امریکی حملے کی صورت میں دنیا تقسیم نظر آتی ہے۔ روس نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ حملے کے نہایت بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
جبکہ ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر حملہ ہوا تو جنگ شام اور امریکہ کے درمیان محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کی آگ پورے خطے کو نگل لے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ شام پر حملہ کرنے کی جلدی میں نظر آتا ہے۔ اقوام متحدہ کی تحقیقات کا انتظار نہ کرنا اس نظریے کی توثیق کرتا ہے۔
شام پر حملے کا مقصد خطے میں امریکی اثرورسوخ میں اضافے اور ایران کو اس کے انتہائی اہم اتحادی سے محروم کرنا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شام میں طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں ہے۔ دفاعی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شام پر امریکی حملہ وہاں خانہ جنگی کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ مسلم دنیا میں تقسیم اور فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دے گا۔