دمشق (جیوڈیسک) داعش کا خاتمہ کر نے کیلئے امریکہ نے عراق کے بعد شام میں فضائی حملوں کا آغاز کر دیا، امریکی طیاروں کی بمباری سے داعش کے 70اور القاعدہ کے 50جنگجو ہلاک ہو گئے۔
امریکی طیاروں نے دمشق اور حلب سے ملحقہ علاقوں میں جنگجو ؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ، کا رروائی کے دوران داعش کے 70اور القاعدہ کے 50جنگجو مارے گئے امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان ایڈمرل جان کربی کے مطابق کارروائی میں جنگی طیارے اور ٹاماہاک میزائل استعمال کئے گئے۔
دوسری جانب اردن اور بحرین بھی داعش کیخلاف حملوں میں شامل ہو گئے ہیں جبکہ فرانس نے شام میں کارروائی سے انکار کر دیا ہے ،اسد حکومت کے ترجمان کے مطابق امریکی کا رروائی باقاعدہ اجازت لے کر کی گئی، ادھر شامی اپو زیشن نے بھی فضائی حملوں کو خو ش آئند قرار دیتے ہو ئے جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثنا شام میں عراق کی سرحد سے متصل کرد اکثریتی علاقے ‘کوبانی’ اور حلب میں دو روز سے جاری جھڑپوں میں داعش کے 100 عسکریت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔