روس (جیوڈیسک) روس کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ شام کے جنگ زدہ شہر حلب میں روس اور امریکا کے مشترکہ فوجی آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔
روسی ذرائع ابلاغ نے وزیر دفاع سیرگی شویگو کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ حلب میں قیام امن کے لیے جلد ہی امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی آپریشن کیا جائے گا۔
روسی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ہم اپنے امریکی اتحادیوں کے ساتھ مذاکرات پر زیادہ توجہ دینے کے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ ہم نے ان سے صرف حلب میں قیام امن کے لیے مشترکہ فوجی آپریشن کی بات کی ہے۔ جلد ہی ہم کسی حتمی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔
مسٹر شویگو کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد حلب میں جنگ ختم کرنا اور متاثرہ لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور روس کے درمیان بات چیت آخری مرحلے میں ہے۔ شام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے جلد جنیوا یا عمان میں مزید بات چیت بھی شروع کی جائے گی۔