دمشق (جیوڈیسک) شام کے شہر حلب میں فضائیہ کی بمباری سے 25 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر مقامات پر باغی اور حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں بھی متعدد افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شہر حلب میں فضائیہ کی بمباری کے نتیجے مں ایک بچے سمیت 25 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ شام میں کام کرنے والی امدادی ٹیموں کے مطابق شامی طیاروں نے حلب میں 40 سے زائد فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 25 افراد مارے گئے جب کہ 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حلب میں باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جس دوران پرتشدد کارروائیوں میں مزید افراد کے مارے جانے کی اطلاعت ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شام میں ہونے والی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں 70 سے زائد عام افراد مارے گئے تھے جب کہ شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث اب تک فضائی حملوں میں ہزاروں افراد خواتین اور بچوں سمیت مارے جاچکے ہیں جب کہ لاکھوں محفوظ مقامات کی جانب ہجرت پر مجبور ہیں۔