بغداد (جیوڈیسک) شام کے صوبے حمص میں اسلامی ریاست کے جنگجوئوں سے جھڑپ کے دوران شام کے 60 فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 40 باغی بھی مارے گئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق شام کے صوبے حمص میں اسلامی ریاست کے باغیوں نے چند روز قبل ’’شارگیس فیلڈ‘‘ پر قبضہ کر لیا تھا اور گیس فیلڈ کے 270 ملازمین کو قتل کر دیا تھا۔
اتوارکو شامی فوج نے گیس فیلڈ سے باغیوں کا قبضہ چھڑانے کے لیے کارروائی کی، باغیوں سے جھڑپ میں 60 شامی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، 40 باغی بھی مارے گئے، آخری اطلاعات تک باغیوں اور فورسز میں شدید جھڑپ جاری تھی، شامی فوج کو فضائیہ کی مدد بھی حاصل ہے۔
دوسری طرف عراق میں اسلامی ریاست کے باغیوں نے موصل میں 1800 سال پرانے چرچ کو آگ لگا دی۔ موصل اور اس کے ملحقہ علاقوں پر اسلام پسند باغیوں نے پچھلے ماہ کے دوران قبضہ کیا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق باغیوں نے جمعے کو بغداد میں ہونے والوں بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کرلی۔
موصل میں مسیحیوں کو باغیوں کی طرف سے دھمکیوں کے بعد مقامی سنی مسلمان بھی ان کے حق میں بولنے لگے ہیں۔ مقامی سنی افراد نے کہا کہ عیسائی ہمارے ہمسائے ہیں اور ان کوشہر سے بے دخل کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ وزیر اعظم المالکی نے بھی موصل سے مسیحیوں کو بے دخل کرنے کی مذمت کی ہے۔