شام میں شہریوں پر بیرل بم برسانا انسانیت کے خلاف جرم ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

Syrian

Syrian

لندن (جیوڈیسک) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شام میں بشارالاسد حکومت کی جانب سے عام شہریوں پر بیرل بم گرانے کے واقعات کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے شامی حکومت کے عام شہریوں پر بیرل بم گرانے کے اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم میں شمار ہوتے ہیں، بشارالاسد حکومت نے اسپتالوں اور اسکولوں پر بھی ہیلی کاپٹروں سے بیرل بم برسائے جن میں بڑی تعداد میں بچوں سمیت تقریباً 3 ہزار عام شہری مارے گئے اس کے علاوہ حلب میں گزشتہ 3 سال کے دوران پرتشدد واقعات میں 11 ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شامی حکومت سے برسرپیکار باغیوں پر بھی تنقید کی ہے جو باقاعدہ جنگوں کے علاوہ اغوا، تشدد اور قتل و غارت گری میں مصروف ہیں جب کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم کے مطابق دونوں فریقین کی لڑائی کے باعث عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ علاقے میں صحت، غذا سمیت انسانی تحفظ کا بھی ایک بحران پیدا ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی شام میں بیرل بم گرائے جانے کے خلاف آواز اٹھائی جب کہ اقوام متحدہ میں شہری آبادیوں پر بیرل بم گرانے کے خلاف مذمتی قرار داد بھی پیش کی جاچکی ہے۔