حلت (جیوڈیسک) شامی اہلکاروں کو حزب اللہ کی مددحاصل تھی، متعدد علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا، 36 بیرل بم پھینکے گئے ، فورسز کی بمباری کی وڈیو جاری ،عمارتوں کی تباہی کامنظر دکھایا گیا دمشق(مانیٹرنگ ، فارن ڈیسک) شام کے شمالی شہر حلب میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقے میں میزائل حملے کے نتیجے میں 18شہری جاں بحق اور50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
شامی باغیوں کی رابطہ کمیٹی کے مطابق ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اس حملے میں کئی مکانات بھی تباہ ہوگئے ، دریں اثنا لبنان کی سرحد کے قریب واقع شامی علاقے میں سرکاری فوجیوں نے حزب اللہ کے جنگجوؤں کی مدد سے باغیوں پر حملہ کرکے متعدد علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔
حزب اللہ کے ٹی وی چینل کے مطابق حزب اللہ کے جنگجووں نے لبنانی ملیشیا کے اشتراک سے باغیوں کو چاروں طرف سے گھیر کر انہیں زبرست جانی نقصان پہنچایا، انسانی حقوق کی تنظیم نے شامی فوج پر الزام لگایا کہ اس نے منگل کو صبح زبادنی نامی علاقے پر حملہ کیا جو شام تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، اس دوران شامی فوج نے 36 بیرل بم پھینکے۔
آبزرویٹری کے مطابق شامی فوج نے 3 جولائی کو زبادنی پر حملوں کا آغاز کیا تھا، اس دوران علاقے پر متعدد مرتبہ فضائی حملے بھی کئے گئے ، تجزیہ کاروں کے مطابق زبادنی پر حزب اللہ کا قبضہ شامی باغیوں کے لئے بڑا نقصان ثابت ہوگا، کیونکہ اس کی بدولت شامی حکومت کیلئے دمشق سے بیروت جانے والی شاہراہ پر مکمل کنٹرول قائم کرنا ممکن ہوجائے گا۔
ادھر شام کے علاقے دمشق کے گردونواح میں حکومتی فورسز کی بمباری کی وڈیو جاری کردی گئی ہے جس میں عمارتوں کی تباہی کا منظر دکھایا گیا ہے ۔بمباری کے دوران شہری جان بچاتے ہوئے بھاگ رہے ہیں، زخمیوں کو محفوظ مقاما ت پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
بمباری کے بعد تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ دکھایا جا رہا ہے ،اس کیساتھ بمباری کے بعد دھوئیں کے بادل آسمان کی جانب اٹھ رہے ہیں،تاہم آزاد ذرائع سے وڈیو کی تصدیق نہیں ہوسکی۔