شامی فورسز نے حمص کا کنٹرول سنبھال لیا

Syrian Security Forces

Syrian Security Forces

حمص (جیوڈیسک) شام کی سکیورٹی فورسز نے حمص شہر کا کنٹرول سنبھال لیا، اہلکار باغیوں کے آخری گڑھ میں بھی داخل ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق فورسز اور باغیوں کے درمیان ایک معاہدے کے تحت باغیوں نے شہر سے انخلا مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد فورسز نے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ واضح رہے کہ شامی خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب باغیوں نے حمص شہر سے مکمل انخلا کیا ہے، حمص ایک اہم سٹریٹجک شہر سمجھا جاتا ہے۔ معاہدے کے تحت فورسز نے شہر کا محاصرہ ختم کر دیا تھا جس کے نتیجے میں محصور شہریوں کو انسانی امداد کی فراہمی ممکن ہو پائی ہے۔

ذرائع کے مطابق امدادی قافلے شہر میں داخل ہو گئے ہیں اور ان کی آمد کے باعث باغیوں کی آخری کھیپ کی روانگی بھی متاثر ہورہی ہے ۔قبل ازیں اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ حمص شہر کے محاصرے کے نتیجے میں شہری خوراک اور ادویات کی کمی کے باعث ہلاک ہو رہے ہیں۔ حمص کے گورنر نے کہا ہے کہ باغیوں کے انخلا کے بعد نقل مکانی کرنے والے شہری واپس اپنے گھروں میں آ رہے ہیں۔

دریں اثنا صوبہ ادلب میں فورسز کی کارروائی میں 46 باغی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ فورسز نے باغیوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا۔ قبل ازیں امریکہ نے شامی حکومت کے چھ عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ دوسری جانب برطانیہ نے شام میں اپنے شہریوں کی ہلاکت کے متعلق رپورٹس منظر عام پر آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے سینکڑوں شہری خانہ جنگی میں شرکت کیلئے شام جا چکے ہیں اور برطانوی حکومت اپنے شہریوں کو شام جانے سے روکنے کے لئے مہم بھی چلا رہی ہے ۔