شامی مہاجرین کو وطن واپسی پر حکومتی تشدد اور مصائب کا سامنا

Syrian Refugees

Syrian Refugees

شام (اصل میڈیا ڈیسک) شامی حکومت نے ملکی مہاجرین سے کہا ہے کہ اب ملک محفوظ ہے، لہٰذا وہ واپس وطن آ جائیں۔ اس دعوے کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں غلط قرار دیا ہے۔

انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا ہے کہ شامی مہاجرین کو وطن واپسی پر حکومتی جبر کا سامنا ہے۔ ایسے جابرانہ اقدامات اس قید، پوچھ گچھ کے دوران تشدد، جبری اغوا اور جنسی تشدد بھی شامل ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مجموعی طور پر شامی مہاجرین کے لیے وطن واپسی ایک نیا مشکل امتحان بن گیا ہے۔

شامی حکومت نے ایسے مہاجرین کو واپس وطن آنے کی جو ہدایت کی ہے، اس کی وجہ بیشتر شامی علاقوں میں امن و سکون بتایا جاتا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک ریسرچر میری فوریسٹیئر نے بتایا کہ اب جو بھی مہاجر واپس شام پہنچتا ہے، اس سے باقاعدہ پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔ واپس لوٹنے والے ملکی شہریوں کو شبے کی بنیاد پر قید میں رکھا جاتا ہے اور ان پر تشدد بھی کیا جاتا ہے۔

اس مناسبت سے حکومتی اہلکار جبری طور پر مختلف افراد کو گھروں سے پکڑ کر لے جاتے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کئی شامی شہری لاپتہ ہو گئے ہیں اور بعض پر جنسی تشدد بھی کیا گیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مرتب کردہ اس رپورٹ کا عنوان ہے: ‘آپ اپنی موت کی طرف جا رہے ہیں‘ (You’re going to your death)۔ اس کے لیے اس تنظیم نے 66 افراد کے انٹرویو کر کے ان کے پریشان کن تجربات کی تفصیلات جمع کیں۔ ان امیں تیرہ بچے بھی شامل تھے۔

یہ شامی باشندے سن 2017 میں مہاجرت کے بعد رواں برس کے اوائل میں واپس وطن پہنچے تھے۔ ان میں سے اب تک پانچ افراد کی حکومتی قید میں تشدد کے باعث موت ہو چکی ہے اور کم از کم 17 لاپتہ ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی یہ رپورٹ شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے اس موقف سے مطابقت نہیں رکھتی، جس میں ملکی مہاجرین کو واپس لوٹنے کی ہدایت اس بنیاد پر کی گئی ہے کہ اب سب کچھ بہت بہتر ہے اور ملک محفوظ ہے۔ اس اعلان کے بعد ہی بعض علاقوں میں شامی مہاجرین کی واپسی شروع ہوئی تھی۔

سویڈن اور ڈنمارک نے کئی شامی مہاجرین کے رہائشی اجازت نامے اس بنیاد پر منسوخ کر دیے ہیں کہ اب دارالحکومت دمشق اور اس کے قرب و جوار کے بیشتر علاقے محفوظ ہیں۔ اسی طرح لبنان اور ترکی کی حکومتیں بھی شامی مہاجرین پر وطن واپسی کے لیے دباؤ بڑھا رہی ہیں۔ ایسی رپورٹیں بھی ملی ہیں کہ ترکی نے کئی شامی مہاجرین کو جبراﹰ ملک بدر بھی کیا ہے۔

ایمنسٹی کی رپورٹ میں ان مہاجرین سے حاصل کردہ معلومات شامل کی گئی ہیں جو لبنان، رُکبان (اردن اور شام کی سرحد کے قریب شامی مہاجرین کی غیر رسمی آباد کاری)، فرانس، جرمنی، ترکی اور متحدہ عرب امارات سے واپس گئے تھے۔

میری فوریسٹیئر نے واضح کیا ہے کہ شامی حکومت کے ملک کے محفوظ ہونے کا دعویٰ زمینی حقائق کے منافی ہے کیونکہ اب واپس جانے والوں کو ریاستی جبر کا سامنا ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک سے اپیل کی کہ وہ شامی مہاجرین کو واپس بھیجنے میں جلدی نہ کریں۔