واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک 10 ہزار شامی مہاجرین قبول کرنے کے ہدف کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ کیری نے وزارت خارجہ دفتر میں ایک دن کی تاخیر کے ساتھ منعقدہ عید الفطر کے پروگرام سے خطاب کو “اسلام علیکم ” کے الفاظ کے ساتھ شروع کیا۔
عید الفطر کی مبارکباد پیش کرنے کے بعد شام میں انسانی المیے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ہم شام میں موجود شامی مہاجرین اور دیگر ممالک میں موجود شامی مہاجرین کی مدد کرنا جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل 10 ہزار شامی مہاجرین کو قبول کرنے کے جس ہدف کا ہم نے اظہار کیا تھا اس کو عملی شکل دی جائے گی اور امریکہ ان کی تعلیم ، صحت اور خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 439 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔
جان کیری نے استنبول، ڈھاکہ اور مدینہ میں دہشت گردی کے حملوں کی وجہ سے اس سال عید الفطر کو ایک افسردگی کے ساتھ منائے جانے کا ذکر کیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کی اپیل کی۔
وزارت خارجہ میں منعقدہ عید پروگرام میں واشنگٹن میں موجود کثیر تعداد میں مقامی و غیر ملکی ڈپلومیٹس کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹیوں کے نمائندوں اور امریکی سیاستدانوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ صدر باراک اوباما نے رواں سال میں 10 ہزار شامی مہاجرین کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی ملک میں خاص طور پر ریپبلکنز کی طرف سے شدید مخالفت کی گئی تھی۔ امریکہ نے اس وقت تک ایک ہزار کے قریب مہاجرین کو قبول کیا ہے۔