دمشق (جیوڈیسک) شام کے دارالحکومت دمشق میں پولیس کلب کے قریب خودکش حملے میں 8 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی دارالحکومت دمشق کے شمال میں واقع ضلع ماسکن بارضع میں پولیس کلب کے قریب سبزی مارکیٹ میں بم دھماکے سے 8 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق دھماکا پولیس کلب کے قریب ہوا اور اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جب کہ ممکنہ طور پر یہ خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے جس میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان کے مطابق خود کش بمبار نے پولیس کلب میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے فائرنگ کر کے زخمی کردیا تاہم کار سوار حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ شام میں 2011 سے شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 2 لاکھ 26 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔