نظام کی تبدیلی کی ناگزیریت تسلیم کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں : امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں قائم نظام عوام کوتحفظ ‘ انصاف اور خوشحالی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے کیونکہ انگریزوں کے غلاموں پر حکمرانی کیلئے بنائے گئے قوانین انصاف کی فراہمی میں سب سے بری رکاوٹ اور استحصالیوں کا اسب سے بڑا ہتھیار ہیں جبکہ پاکستان کا انصاف و قوانین کا ڈھانچہ آج بھی اسی برٹش کلونیل قوانین کے تابع ہے جو پاکستان میں ظلم ‘ جبر اور استحصال کا باعث بنا ہوا ہے اسی لئے محب وطن روشن پاکستان طویل عرصہ سے نظام کی تبدیلی و اصلاح کے مطالبے کے علاوہ مقامی خود مختاری کے عنوان سے فراہمی انصاف ‘مساوات ‘ امن اور خوشحالی کے ضامن اس متبادل انتظامی ڈھانچے کا فارمولہ پیش کرچکی ہے مگر اقتدار ‘ سیاست ‘ رہبری اور رہنمائی پر قابض استحصالی ٹولہ تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے اس فارمولے پر عملدرآمد کے ذریعے عوام کو شراکت اقتدار و تفویض حق احتساب کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

کیونکہ عوام کے پاس حق احتساب ان استحصالیوں کی وراثتی ‘ خاندانی ‘ مفاداتی اور مجرمانہ سیاست کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے یہی وجہ ہے پاکستان کی تمام روایتی سیاسی جماعتیں مقامی خود مختاری کے نفاذ کی مخالف دکھائی دے رہی ہیں۔تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے تحفظ کیلئے موجودہ نظام کی اصلاح و تبدیلی اور مقامی خود مختاری کا ناگزیر ہے اور استحصالی عناصر لاکھ کوششیں کرلیں وہ تادیرمقامی خود مختاری کے نفاذ اور شراکت اقتدار کے ساتھ حق احتساب سے عوام کو محروم نہیں رکھ پائیں گے کیونکہ اب تو سپریم کورٹ نے بھی تسلیم کرلیا ہے کہ نظام کی تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے اور نظام تبدیل کئے بغیر نہ تو کرپشن سے نجات ممکن ہے نہ عوام کو انصاف و تحفظ کی فراہمی ممکن ہو سکتی ہے۔