اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ سسٹم میں تبدیلی کی کوشش کی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے، خدشہ ہے کہ اس بار آئین کو نہیں، وفاق کو خطرات ہیں۔
سینیٹر رضاربانی کاسینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا موجودہ نظام کے لیے نگران ہے، کسی چینل پر قدغن لگانے کی بات کرنا کسی صورت قبول نہیں، اب میڈیا پر قدغن لگانے کادور نہیں رہا، میڈیا کے اندر تفرقہ پھیلانا افسوس ناک ہے، وقت آ گیا ہے تمام جمہوری قوتیں معاملات کو بگاڑنے کی وجوہات تلاش کریں۔
سینیٹر سعیدغنی کا کہنا تھا کہ ملک میں لوگوں کو سڑکوں پر لا کر گمراہ کیا جا رہا ہے، شو والے معاملے پر جیو والے معافی مانگ رہے ہیں تو معاملہ ختم کیوں نہیں کیا جاتا۔ ایک سیاسی جماعت کی مخالفت پر کسی چینل کو بند کرنے کے حق میں نہیں، جیو اور جنگ سے پیپلز پارٹی کو بھی شکایت ہے، ہماری پارٹی کو عتاب کا نشانہ بنایا گیا، جب ہماری کردارکشی کی جارہی تھی تو تحریک انصاف ان کے پیچھے کھڑی تھی، کسی سیاسی جماعت کے کہنے پر جیو پر قدغن لگانے کی کوشش کی حمایت نہیں کرتے۔
اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ کوئی چینل غلطی کرے اور سرعام آ کر معافی مانگے تو معاملہ ختم کر دینا چاہیے، ہمیں تشویش ہے کہ میڈیا تقسیم ہو چکا ہے اور آپس میں لڑرہا ہے، میڈیا ایک ستون ہے، میڈیا کمزور ہو گیا تو جمہوریت کو شدید خطرہ ہو گا۔
فرحت اللہ بابر نے مزید کہا کہ ہم ہر صورت چاہتے ہیں کہ میڈیا متحد اور مضبوط رہے، میری تجویز ہے کہ سینیٹ کی متفقہ کمیٹی بنا کر اس آگ کو بجھایا جائے۔