ایک نظام ایک نصاب اور ایک زبان ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے:زبیر حفیظ
Posted on February 24, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ ایک نظام، ایک نصاب اور ایک زبان پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہیں ، قوم کو درجن بھر نظام ہائے تعلیم سے قومی وحدت کا شیرازہ بکھیردیا گیا ہے ان خیالات اکا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ مری کے زیر اہتمام سٹڈی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے معیار میں بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام وقت کی ضرورت ہے، ٹیوشن کلچرکی وجہ سے تعلیمی اداروں سے قوم کا اعتماد اُٹھ رہا ہے۔
سرکاری تعلیمی ادارے مسیحائی کے طلب گار نظر آرہے ہیں ، کرسی اقتدار پر جعلی ڈگری ہولڈر قابض ہیں جنہوں نے کرپشن ، اقربا ء پروری اور رشوت خوری کو رواج دیا ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پرستی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے، تعلیم عام کر کے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے، تعلیمی ایمرجنسی اور دیگر مہمات کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا جار ہا ہے جب کہ ملک میں گھوسٹ تعلیمی ادارے اور بغیر چھت کے اسکولز حکومت کے دعوئوں کی قلعی کھول رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام کوئٹہ، لاہور ، میرپور چترال ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں تین تین ماہ کے لئے اقامتی اسٹڈی کیمپس لگائے گئے ہیں جن سے ایک ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہورہے ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں اسی( 80)سے زائد فری کوچنگ سینٹرز چلائے جا رہے ہیں جن میں طلبہ کی مفت رہنمائی کی جارہی ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com