گوجرانوالہ : سنی اتحاد کونسل کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ نظام خلافت راشدہ کے نفاذ کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں۔ سرحدوں کی پامالی بھارت کی پاکستان دشمنی ہے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی خطے کی تباہی کا سبب بنے گی۔ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک پاکستان بھارت سرحدوں پر کشیدگی ختم نہیں ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامع مسجد صدیقیہ میں منعقدہ شہادت عثمان غنی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی غلام نبی جماعتی، مفتی محمد حسین صدیقی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مولانا محمد خالد حسن مجددی، قاری غلام سرور حیدری، حافظ محمد رفیق قادری، قاری محمد اعظم چشتی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ داماد رسول حضرت سیدنا عثمان غنی پیکر صدق و وفا، ہدایت کا سرچشمہ اور ظلمتوں کے اندھیرے میں روشنی کا مینار ہیں۔
آپ کی زندگی عوام اور حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ دین اسلام کو ہر طرف غالب کرنے کی خاطر آپ کی خدمات تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ موجودہ دور کے مذہبی و سیاسی قائدین حضرت سیدنا عثمان غنی کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ عہد عثمانی کی دینی خدمات اور فتوحات اسلامی تاریخ کا قابل فخر باب ہیں۔