کراچی 28 جون 2016 (پ ر) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ رمضان کا مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے۔ جس کی ایک رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے جو اندھیروں سے روشنی کی طرف لا نے والی رات ہے۔ رمضان ہمیں ایثار و قربانی کا اور دوسروں کے دکھوں اور غموں کو بانٹنے کا درس دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت سیکٹر 5Dمیں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل ہوا اور رمضان میں ہی27ویں شب کو اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان کی نعمت سے نوازا، ہمارے لئے ضروری ہے کہ اس مبارک میں ہم قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی خیر خواہی اسی میں ہے کہ قرآن کے نظام کو نافذ کیا جائے ۔آج عوام تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور حکمرانوں کی کرپشن نے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔
مہنگائی اور بدامنی کی وجہ حکمرانوں کی نااہلی ہے، کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے پیدا ہونے والابچہ بھی مقروض ہے۔ نظام مصطفی ۖکا نفاذ ہی ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مراعات یا فتہ طبقہ نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ دیانت دار قیادت ہی پاکستان کو بحران سے نکال سکتی ہے۔