لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2014 میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ،قومی ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ میں کھیلے گئے کوالیفائنگ راونڈ کی مشترکا چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی۔
پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی تو گلے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے میڈل پہنے کھلاڑیوں کے چہروں پرخوشی نمایاں تھی ۔فائنل میں بارش کی وجہ سے پاکستان اورسری لنکا کومشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا ،کپتان ثنا میرکا کہنا ہے کہ انگلینڈ کواس کی سرزمین پر ہرانے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
ٹیم کی کامیابی پر انتہائی خوش کوچ محتشم رشید نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھے گی۔ پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کوالیفائنگ راونڈ میں بارہ میچ جیت کرحوصلے بلند ہیں۔ ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں گی۔