لاہور (جیوڈیسک) آئی سی سی کی جانب سے جارہ کردہ نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ 9 بولرز میں اسپنرز شامل ہیں جب کہ بیٹسمینوں کی فہرست میں قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم سرفہرست ہیں۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی، نئی رینکنگ میں بنگلا دیش اور افغانستان کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد نئی ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں پاکستان ٹیم بدستور نمبر ون ہے جب کہ بنگلا دیش کے خلاف کلین سوئپ کے بعد افغانستان ٹیم کو 4 پوائنٹس ملے ہیں تاہم وہ 8 ویں پوزیشن پر ہی موجود ہے، بنگلا دیشی ٹیم کو 5 پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب ان کا 11 ویں نمبر پر موجود اسکاٹ لینڈ سے صرف 4 پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے۔
بولنگ رینکنگ میں بولرز کی ٹاپ 9 پوزیشنز پر اسپنرز کا قبضہ برقرار ہے، افغان اسپنر راشد خان نے بنگلا دیش کے خلاف مین آف دی سیریز ایوارڈ لینے کے بعد ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے جب کہ پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ محمد نبی 11 درجے کی چھلانگ کے ساتھ کیریئر میں پہلی مرتبہ 8 ویں جب کہ مجیب زدران 51 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ فہرست میں عماد وسیم نے نویں پوزیشن سنبھالے رکھی، محمد عامر 13ویں درجے پر ہیں۔
بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم بیٹنگ میں بدستور نمبر ون ہیں، کولن منرو دوسرے، گلین میکسویل تیسرے، آرون فنچ چوتھے اور ایون لوئس ایک درجے بہتری ملنے پر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ افغان سمیع اللہ شنواری ترقی کرتے ہوئے 44 ویں، بنگلا دیشی محمود اللہ 33 ویں اور مشفیق الرحیم 41 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔