ممبئی (جیوڈیسک) پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی 20 چیمپئن فیصل آباد وولفز کو چیمپئنز لیگ کوالیفائنگ کھیلنے کے لیے بھارتی ویزے مل گئے،ماہرین نے پاک بھارت سیریز کے لیے اسے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
چیمپئنز لیگ کوالیفائنگ رانڈ میں شرکت کے لیے فیصل آباد کی ٹیم کل دہلی روانہ ہو گی۔مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن وولفز اپنے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک چیمپئن اوٹاگو کے خلاف میدان میں اترے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق، سعید اجمل اور احسان عادل زمبابوے سے بھارت جائیں گے۔ چیمپئنز لیگ کا کوالیفائنگ راونڈ سترہ ستمبر سے موہالی میں شیڈول ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اس وقت بھارت میں موجود ہیں جہاں وہ بی سی سی آئی آفیشلز سے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد ٹیم کی چیمپئنز لیگ میں شرکت کو دونوں ممالک کی کرکٹ سیریز کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔