دبئی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں رسوائیوں کے داستان رقم کرنے کے باوجود گرین شرٹس کی ساتویں پوزیشن بچ گئی، 3 رینکنگ پوائنٹس کی معمولی کٹوتی برداشت کرنا پڑی، 4 درجے تنزلی نے عمر اکمل کو ٹاپ 20 سے باہر پٹخ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں اپنی مہم کا آغاز ساتویں پوزیشن سے کیا،ایونٹ میں ناکامیوں اور رسوائیوں کی داستان رقم کرنے کے باوجود اس کا مختصر ترین فارمیٹ کی رینکنگ میں ساتواں نمبر برقرار ہے البتہ تین پوائنٹس کی ’معمولی‘ کٹوتی کی وجہ سے اس کے مجموعی پوائنٹس اب 107 رہ گئے ہیں۔ بھارت پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، ویسٹ انڈیز تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے اور انگلینڈ پانچویں نمبر پر موجود ہے، آسٹریلیا کا چھٹا نمبر ہے۔ سری لنکن ٹیم اب آٹھویں درجے پر پہنچ چکی جبکہ افغانستان کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر ہے۔
بیٹسمینوں میں عمر اکمل 4 درجے تنزلی کے بعد اب 21 ویں نمبر پر آ چکے، اس طرح ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی باقی نہیں رہا، احمد شہزاد کو 5 درجے ترقی ملی جس کی بدولت وہ 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ایونٹ میں اب تک 92 کی اوسط اور 132 کے اسٹرائیک ریٹ سے 184 رنز بنانے والے ویرات کوہلی ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرز میں شاہد آفریدی کا بدستور چوتھا نمبر ہے، ابتدائی 25 بولرز میں کوئی بھی دوسرا پاکستانی شامل نہیں ہے، سموئل بدری نے بھارت کے روی چندرن ایشون سے ٹاپ پوزیشن چھین لی۔ آل راؤنڈرز میں شین واٹسن سرفہرست ہیں، آفریدی کا تیسرا درجہ ہے، چار درجے تنزلی نے حفیظ کو آٹھویں نمبر پر پہنچا دیا۔ٹوئنٹی 20 میں اب نئی رینکنگ 3 اپریل کو ورلڈ ٹوئنٹی 20فائنل کے بعد جاری ہو گی۔