نئی دہلی (جیوڈیسک) سابق سری لنکن کپتان ارجنٹا رانا ٹنگا نے ٹوئنٹی 20 کو ’نوڈلز‘ جب کہ ٹیسٹ کرکٹ کو ماں کے ہاتھ کا بنا ہواکھانا قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو میں جب 1996 میں سری لنکا کو ورلڈ چیمپئن بنوانے والے رانا ٹنگا سے ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ نوڈلز کی طرح ہے جو جلدی تو تیار ہو جاتے ہیں مگراسے صحت بخش غذا قرار نہیں دیا جا سکتا، مگر ٹیسٹ کرکٹ ایک ایسا کھانا ہے جو آپ کی والدہ آپ کیلیے اپنے ہاتھ سے گھر پر تیار کرتی ہیں۔
البتہ موجودہ صورتحال میں مجھے 5 روزہ فارمیٹ کا مستقبل زیادہ روشن دکھائی نہیں دیتا۔
اپنی شہرہ آفاق ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے حوالے سے رانا ٹنگا نے کہاکہ میں نے ہمیشہ کوشش کی وہ 14 پلیئرز منتخب کیے جائیں جو ملک و قوم کیلیے جان لڑانا جانتے ہوں، ہم نے کبھی اسٹارہونے کے ناطے کسی کا انتخاب نہیں کیا۔