کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کی تحریک کا مقصد انسانوں کا تعلق مخلوق سے کاٹ کر اللہ تعالی سے جوڑنا ہے، موجودہ پر فتن دور میںاجتماع پاکستان خصوصا اہل کراچی کیلیے باعث خیر و برکت ہوگا۔
حکومت سندھ اور انتظامیہ اجتماع گاہ کی مکمل سیکیورٹی ، پانی و بجلی اور اجتماع میں شرکت کیلیے آنے والے مہمانوں کیلیے ٹرانسپورٹ کی سہولت و دیگر انتظامات کو یقینی بنائے۔جمعرات کی صبح جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے اورنگی ٹاؤن بہار کالونی میں اجتماع گاہ کیا دور کیا اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں اور حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تبلیغی جماعت عالم اسلام کو متحد کرنے کی عظیم تحریک ہے ، سیاسی اور نظریاتی اختلافات سے ہٹ کر اللہ کی توحید کا پرچار اور اسلام کی دعوت ایک عظیم کام بلکہ کار پیغمبری ہے۔
تبلیغی اجتماع شہرقائد کے لیے رحمت ہے، مسلمان کی حقیقی کامیابی اللہ کی رضا مندی میں ہے، اللہ کو ناراض کرکے خوشحالی حاصل کرنے والے دنیا میں جتنابھی آرام وسکون حاصل کرلیں مگر ان کا انجام برا ہوتاہے۔انہوںنے کہاکہ تبلیغی جماعت اصلاحی تحریک ہے جو بیشمار بھٹکے ہووں کو راہ راست پر لانے کام کررہی ہے، حکمت اور بصریت سے دین اسلام کی اشاعت میں مصروف تبلیغی جماعت فرقہ پرستی اورفرقہ واریت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ یہ خالص تبلیغی اصلاحی تحریک ہے جو دعوت وارشاد کے مقدس کام سرانجام دے رہے ہیں جس کا مقصد انسانوں کا تعلق کو مخلوق سے کاٹ کر اللہ تعالیٰ سے جوڑنا ہے ، عالم اسلام کیلئے تبلیغی جماعت کا وجود ایک رحمت ہے جو دنیا کے ہر ملک میں اسلام کی دعوت کو لیکر پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شہر قائد کا اجتماع شروع ہورہاہے اس میں عوام الناس زیادہ سے زیادہ شرکت کرے تاکہ معاشرے میں پھیلی دوریاں اور تفرقہ بازی کا خاتمہ ہواور اتحادیگانگہت قائم ہوانسانی تمام مسائل ومشکلات کا حل قرآن مجید ، سنت رسول اور اتباع دین میں ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے، انہوںنے مزید کہاکہ صحابہ کرام خلافاء الرشید ین زندگیوں کو سامنے رکھ کر چلا جائے تو موجودہ پر فتن دور میں اللہ کی ناراضگی سے بچا جاسکتاہے۔ معاشرے کو درست راہ پر چلانے کے لیے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔