تبو گلوکارہ بھی بن گئیں، فلم ’’حیدر‘‘ میں اداکاری کیساتھ گانا بھی گائیں گی

Tabu

Tabu

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ تبو اب خود کو گلوکاری کے میدان میں بھی آزمائیں گی۔

فلم’’حیدر ‘‘ کے پروڈیوسر‘ ڈائریکٹر اور کمپوزر وشال بھردواج نے اداکارہ تبو کو اس فلم میں بطور سنگر اپنے ڈیبو کے لیے راضی کر لیا ہے۔ پروڈیوسر وشال بھردواج اپنی نئی فلم’’حیدر ‘‘ کو ان دنوں فائنل ٹچ دے رہے ہیں۔

اس فلم کے لیے تبو نے ’’روشے ولی‘‘ گانا ریکارڈ کرائیں گی جس کے کمپوزر بھی خود وشال بھردواج ہی ہیں۔ قبل ازیں رواں برس ہیں جب فلم ’’حیدر ‘‘ کی شوٹنگ کشمیر میں ہو رہی تھی تو اس دوران بھی تبو نے اپنی اداکاری کے دوران اس گانے کو گنگنایا جو کہ ان کی اداکاری ہی کا ایک حصہ تھا‘ اب ڈائریکٹر وشال بھردواج نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ مکمل گانا تبو ہی کی آواز میں اس فلم میں رکھا جائے گا‘ وشال تبو سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انھوں نے یہ گانا نہ صرف اپنی فلم میں رکھ لیا بلکہ اسے البم میں بھی شامل کر لیا ہے۔

فلم ’’حیدر ‘‘ میں تبو کے ساتھ شاہد کپور‘ شردھا کپور‘ عرفان خان‘ کے کے مینن لیڈنگ رول کر رہے ہیں جب کہ یہ فلم رواں برس 2 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ان دنوں یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ آج کل بالی ووڈ اداکاروں میں گلوکاری کا رجحان خاصا عام ہو گیا ہے‘ پہلے تو یہ چیز کم دیکھنے میں آتی تھی ، چند ہی اداکار تھے جو اپنی آواز میں فلم میں ایک گانا ضرور ریکارڈ کرواتے تھے۔ ماضی میں بالی ووڈ بادشاہ امیتابھ بچن نے بھی گلوکاری میں اپنے جوہر دکھائے۔

ان میں عامر خان بھی شامل ہیں جنہوں نے غلام فلم میں ’’آتی کیا کھنڈالا میں‘‘ اپنی آواز کا جادو جگایا لیکن اب نئے دور کے اداکار بھی کچھ کم نہیں حال ہی میں عالیہ بھٹ نے فلم ہائی وے میں ’’سوہا ساہا‘‘ گایا اور اب دوبارہ اپنی آنے والی فلم ہمپٹی شرما کی دلہنیا میں ’’سمجھاواں‘‘ گنگنا رہی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی شردھا کپور جنہوں نے ایک ولن میں انکت تیواری کے ساتھ ’’گلیاں‘‘ گایا جیسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ اس فہرست میں بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا کا نام قابل ذکر ہے جنہوں نے اداکاری تو کی ہی ساتھ ہی بین الاقوامی سطح پر گلوکاری میں اپنا لوہا منوایا۔