طاہر القادری سمیت 71 افراد کی پھر گرفتاری کا حکم

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

گجرنوالہ (جیوڈیسک) انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی جماعت کے 71 کارکنوں کی ایک مرتبہ پھر گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ ان تمام افراد کو گرفتار کر کے 29 اگست کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو کے جج اتفاق عباسی نے احکامات گزشتہ روز طاہر القادری اور کارکنوں کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر جاری کیے گئے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر اگلی سماعت میں یہ تمام افراد پیش نہ ہوئے تو انہیں مفرور سمجھا جائے گا۔

پولیس نے طاہر القادری اور ان کی جماعت کے 71 کارکنوں پرلانگ مارچ کے دوران جی ٹی روڈ پر کم از کم 76 پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ دفع 144 کا نفاذ اسی دوران گجرنوالہ کی انتظامیہ نے ضلع میں دفع 144 نافذ کرکے کسی بھی قسم کی ریلی اور جلسے پر پابندی عائد کردی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کسی بھی قسم کے تصادم کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ خیال رہے جمعہ کو مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف نے جی ٹی روڈ پر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے خلاف ریلی نکالی تھی جس کی وجہ سے شہر میں صورتحال کشیدہ ہوگی تھی۔