لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہےکہ طاہرالقادری معصوم افراد کی لاشوں کے ذریعے اقتدار حاصل کرن اچاہتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر بات کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو آئین اور قانون کےتحت اختیار حاصل ہے اور وہ کمیشن انکوائری کے لئے کسی کو بھی طلب کر سکتاہے۔
لہذا آئین اور قانون طاہر القادری کو جوڈیشل کمیشن کے بائیکاٹ کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انصاف کی فراہمی کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا ہے اور یہ کمیشن جو فیصلہ کرے گا اسے قبول کیا جائے گا۔
لاہور میں فائرنگ کے نتیجے میں قتل ہونے والی ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف سے متعلق رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ میں ان کے انتقال پرایم کیوایم کے کارکنوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، ان کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔