طاہر القادری نے غیرملکی طیارے کو کئی گھنٹے یرغمال بنایا، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی (جیوڈیسک) وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے غیر ملکی طیارے کو کئی گھنٹے یرغمال بنائے رکھا۔

سندھ اسمبلی کے باہر گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو کیا اس کی مذمت کرتے ہیں۔

اس سے قبل سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران شرجیل میمن کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت نہیں تھی تو پیپلز پارٹی کے ارکان کے لئے رقم نہیں رکھی جاتی تھی لیکن ہم نے یہ روایت ختم کی اور ہر رکن کوترقیاتی کاموں کے لئے رقم جاری کی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران خطاب میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اور بجٹ پر ہر بار تنقید کی جاتی رہی ہے لیکن عوام پھر بھی پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ سندھ کا سالانہ ترقیاتی پروگرام اب بھی پاکستان کے کسی صوبے سے کم نہیں۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جب بھی ایگریکلچر ٹیکس کا نام آتا ہے تو سب ڈیکس بجاتے ہیں، مگر کون کہتا ہے کہ ملک میں زرعی ٹیکس کا نفاذ نہیں ہے۔

وزیراطلاعات سندھ نے بتایا کہ وہ بھی زرعی ٹیکس دیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرعی ٹیکس کو کم ہونا چاہئے تاکہ وصولیاں زیادہ ہو سکیں۔ شرجیل میمن کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نے احتجاج بھی کیا۔