لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 17 جنوری سے حکومت کے خاتمے کے لیے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثنا ءاللہ کے استعفے کا مطالبہ پورا نہیں ہوا، اب بات استعفوں کی نہیں بلکہ پوری حکومت کا خاتمہ ہو گا۔
اب ہم استعفے نہیں مانگیں گے بلکہ استعفے لیں گے۔ ہم 17 جنوری سے مسلم لیگ (ن) کی تمام حکومتوں کے خاتمے کے لیے ملک گیر احتجاج شروع کر رہے ہیں۔
طاہر القادری نے کہا کہ احتجاجی امورکی نگرانی کیلیے ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا پہلا اجلاس11 جنوری کو ہوگا اور یہ کمیٹی احتجاجی امور کی منصوبہ بندی،لائحہ عمل اور کسی بھی قسم کا فیصلہ کرنے کی مجاز ہوگی، کمیٹی جب چاہے اجلاس طلب کرسکتی ہے اور احتجاجی تحریک کے تمام اقدامات کی نگرانی بھی یہی کمیٹی کرے گی، 6رکنی ایکشن کمیٹی میں قمرزمان کائرہ،علیم خان،کامل علی آغا، شیخ رشید،ناصرشیرازی،خرم نوازگنڈاپور جب کہ لیاقت بلوچ خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ اب حکمرانوں کےگریبان ہوں گےاورعوام اور قوم کا ہاتھ ہوگا ان حکمرانوں کو ایمان اور عقیدے پر حملہ کرنے کابھی حساب چکانا ہوگا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا انتقام لینا ہے اور اس سلسلے میں 17 جنوری سے تحریک کا آغاز ہوگا۔ 17 جنوری کے احتجاج میں شرکت کیلیے آصف زرداری، عمران خان،سراج الحق،چودھری شجاعت حسین سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کو دعوت دی گئی ہے۔