لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ اور منہاج القرآن سیکریٹریٹ کو گھیرے میں لے لیا۔
لاہور میں رات گئے پولیس کی بھاری نفری فیصل ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کی جانب جانے والے راستوں پر پہنچ گئی اور بیریئر لگا کر وہاں جانے والے تمام راستے سیل کر دیئے۔
راستے سیل کیے جانے کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ایک بار پھر جمع ہو گئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔ ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں عوامی تحریک کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہاڑی میں 30 سے زائد جبکہ منڈی بہاؤالدین میں 8 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔