طاہر القادری لاہور پہنچ گئے، ایئرپورٹ سے داتا دربار کیلئے روانہ

Rally

Rally

لاہور (جیوڈیسک) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا طیارہ سات بجے لینڈ کیا۔ ائر پورٹ پر ان کے مداحوں ، عقیدتمندوں اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

ائر پورٹ پہنچنے کے بعد طاہر القادری ریلی کی شکل میں رنگ روڈ سے ہربنس پورہ اور کینال روڈ سے ہوتے داتا دربار کی طرف رواں دواں ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کالے رنگ کی پراڈو میں سوار ہیں جس کا بونٹ اور چھت ان پر نچھاور کردہ سرخ گلابوں سے ڈھکا ہوا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کی گاڑی کے آگے ایلیٹ فورس کی گاڑیاں اور پیچھے قطار در قطار پارٹی کارکن گاڑیوں میں سوار ہیں۔ سرخ، سبز اور سفید ، پارٹی پرچم جس پر انقلاب لکھا ہوا ہے۔ لہراتے ہوئے اپنی منزل داتا دربار کی طرف رواں دواں ہیں۔ طاہر القادری داتا دربار حاضری کے بعد ریلی کی شکل میں ہی اپنے گھر ماڈل ٹاون روانہ ہوں گے۔

لاہور پولیس نے طاہر القادری کی جان کو خطرے کے پیش نظر وارننگ جاری کر دی ہے۔ ڈی آئی جی لاہور آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک کو تحریری طور پر دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ کر دیا ہے۔

اور درخواست ہے کہ وہ ریلی نہ نکالیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کا کہنا ہے لاہور پولیس کی جانب سے کوئی وارننگ نہیں ملی اگر ہو بھی تو وہ پروگرام تبدیل نہیں کریں گے۔