لاہور (جیوڈیسک) عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس یورپی یونین میں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے لندن میں سینئر وکلاء کا اجلاس طلب کر لیا۔
عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری رات تین بجے ایمریٹس ایئر لائن سے برطانیہ روانہ ہو گئے۔
ڈاکٹر طاہر القادری دوہفتے تک لندن میں قیام کریں گئے جہاں وہ سانحہ ماڈل ٹاون کا معاملہ یورپی یونین کے روبرو پیش کریں گے۔
سانحہ ماڈل ٹائون کے اہم شواہد ، سی ڈیز ، دستاویزات لندن پہنچا دی گئی ہیں ۔ جمعرات کے روز لندن میں ڈاکٹر طاہر القادری سینئر وکلاء کے ساتھ کیس پر مشاورت کریں گے ۔ وکلاء کی مشاورت سے ڈاکٹر طاہرالقادری خود بھی انسانی حقوق کمیشن میں پیش ہوسکتے ہیں۔
عوامی تحریک نے یورپی یونین میں کیس اٹھانے کی تصدیق کر دی ہے۔ ابتدائی پٹیشن کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے ۔ عوامی تحریک کی قیادت کے مطابق سانحہ ماڈل ٹائون میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر انصاف نہ ملنے پر معاملہ یورپی یونین میں اٹھانے پر مجبور ہیں۔
وکلاء کی مشاورت سے اگلے لائحہ عمل کا لندن میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری لندن میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔