اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر مملکت برائے فرنٹیئر ریجن لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے ادارے منہاج القرآن کے طلباء کو ڈھال بنا رکھا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری منہاج القرآن کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے گدی نشین کا کہنا ہے کہ ہمارے اس سلسلے منہاج القرآن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
عبد القادر بلوچ نے کہا کہ اب فیصلہ اُن (طاہر القادری) کے مریدوں نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کا کوئی ایجنڈا نہیں اور وہ پاکستانی عوام کو اس قابل بھی نہیں سمجھتے کہ ان کے سامنے اپنا ایجنڈا پیش کریں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انقلاب کی باتیں کرنے والے طاہرالقادری خود ہی آئین کو نہیں مانتے۔ عبدالقادر بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لانگ مارچ کرنے والوں کے مقاصد واضح نہیں ہیں۔