طاہر القادری نے وزیراعظم نواز شریف کو مناظرے کا چیلنج دے ڈالا

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے وزیراعظم نواز شریف کو مناظرے کا چیلنج کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کو کھلے مناظرے کا چیلنج دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور میرے سوالوں کو جواب دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس کوئی خارجہ پالیسی ہے اور نہ ہی کوئی داخلہ پالیسی، ملکی سطح پر قومی یکجہتی کا کوئی لائحہ عمل بھی نہیں ہے۔

نواز شریف کے پاس کسانوں، طلبا چھوٹے ملازمین اور کم وسائل رکھنے والے کروڑوں افراد کے مسائل کا نہ کوئی حل ہے اور ان کے لئے نہ کوئی منصوبہ بندی، کروڑوں لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق نہیں مل رہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ کھلے مناظرے میں یہ ثابت کروں گا کہ موجودہ حکومت عوام کو امن و امان دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پورے ملک میں کسی بھی جگہ عوام کی جان، مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے طرز حکومت میں آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کا نام و نشان تک نہیں ہے، نواز شریف کی حکومت ریاستی بربریت، دہشت گردی، قتل عام اور ظلم کا عملی نمونہ ہے، یہ لوگ جبر کے ذریعے اور سیاسی سازباز کے ذریعے اپنی حکومت کو قائم رکھتے ہیں۔