طاہر القادری کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے: رانا غلام سرور

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

فیصل آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن پنجاب کونسل کے رکن رانا غلام سرور بابر نے کہا ہے کہ موجودہ بحران نواز شریف دشمنی پر مبنی ہے، انقلاب وآزادی مارچ والے سب سے بڑے جھوٹے ہیں، ائر کنڈیشنڈ اور بلٹ پروف کنٹینرز میں بیٹھنے والے غریب عوام کے نام پر سیاست چمکا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یوم شہداء کے نام پر آنیوالے لوگوں کو قرآن کے واسطے دے کر یرغمال بنانے والے طاہر القادری کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، طاہر القادری کو 18 کروڑ عوام سے کوئی غرض نہیں بلکہ وہ خاص ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی نابالغ ہیں، عوام لانگ مارچ کی سیاست مسترد کرتے ہیں، انہیں نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔