لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ پرویز الہیٰ اور شیخ رشید کے کندھوں پر بیٹھ کر طاہرالقادری انقلاب نہیں انتشار لائے گا۔ پرویز الہیٰ اور شیخ رشید طاہرالقادری کے سارے کینیڈین ڈالر خرچ کر کے چھوڑیں گے۔
طاہر القادری کے انقلاب کی قیمت بلٹ پروف گاڑی اور اپنے سیکورٹی گارڈ تھے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ طاہر القادری نے غیر ملکی ائیرلائن کا طیارہ عملاً ہائی جیک کر لیا تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے طاہرالقادری پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہر القادری لوگوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقاریر میں کارکنوں کو پولیس پر دھاوا بولنے کیلئے بھڑکایا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت ڈنڈے کے زور پر کسی کی بات نہیں سنے گی۔ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید اور چوہدری برادران سیاسی یتیم ہیں جو بیساکھیوں کی تلاش میں طاہر القادری کا سہارا لے رہے ہیں۔ عوام ان بہروپیوں کے کسی بھی مارچ کا حصہ نہ بنیں۔