طاہر القادری‘ شیخ رشید آج احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد آج اتوار کو سہ پہر لال حویلی پبلک سیکرٹریٹ میں میڈیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

طاہر القادری لاہور سے راولپنڈی اسلام آباد کے ایک روزہ دورے پر موٹر وے موٹر پر پہنچیں گے جہاں سے انہیں کاروں‘ موٹر سائیکلوں کے جلوس میں کمیٹی چوک لایا جائیگا، کمیٹی چوک میں تحریک کے کارکن استقبال کرنے کے بعد انہیں پیدل جلوس کے ہمراہ لال حویلی لے جائیں گے جہاں وہ شیخ رشید احمد کے استقبالیہ میں شرکت کرنا ‘مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سے الگ الگ خطاب کرنے کے بعد لال حویلی کی بالکونی سے بوہڑ بازار میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم نوازشریف کی علاج کے بعد لندن سے واپسی کے فوراً بعد اگلے روز طاہر القادری کی طرف سے احتجاجی تحریک چلانے کے مجوزہ اعلان کو سیاسی حلقوں میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے جبکہ لال حویلی ایک بار پھر ملکی سیاست میں غیرمعمولی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔

ہفتہ کو عوامی مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس لال حویلی میں ہوا جس میں عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد ‘ شیخ راشد شفیق‘ عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور‘ بریگیڈئر (ر) مشتاق احمد‘ سلطان نعیم کیانی اور دیگر رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں نے شرکت کی جس میں طاہر القادری کی آمد استقبال اور خطاب کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دیدی گئی۔ شیخ رشید نے خود میڈیا کے ارکان کو فون کرکے مدعو کیا جبکہ اس بارے میں انکی طرف سے تحریری دعوت نامے بھی جاری کئے گئے تھے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد آج لال حویلی کے استقبال پروگرام میں شرکت کے بعد اسلام آباد جائیں گے جہاں وہ نیشنل پریس کلب کے باہر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں اظہار یکجہتی کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری راولپنڈی اسلام آباد کے ایک روزہ ہنگامی دورے کے بعد اتوار کو رات لاہور واپس چلے جائیں گے۔