طاہرالقادری ایسے موقع پر فساد برپا کرنا چاہتے جب فورسز حالت جنگ میں ہیں، سعد رفیق

Saad Rafiq

Saad Rafiq

لاہور (جیوڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ طاہرالقادری ایسے موقع پر ملک میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں جب ہماری سیکیورٹی فورسز حالت جنگ میں ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طاہرالقادری لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں اور ایسا ماحول چاہیے جہاں لاشیں ہوں، طاہرالقادری نے منہاج القرآن کو نوگو ایریا بنا رکھا تھا، ہم عدم تشدد پر یقین رکھتے ہیں لیکن پولیس کی نفری ایک روز پہلے بیریئر ہٹانے گئی تو پتھراؤ کیا گیا کیونکہ طاہرالقادری نے اپنے پیغام میں کارکنوں کو مقابلہ کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری ملک میں فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں اور نظام گرا کر کنٹینر میں بیٹھ کر اسلام آباد میں آنا چاہتے ہیں، ایسے موقع پر جب سیکیورٹی فورسز حالت جنگ میں ہیں وہ بغیر کسی ایجنڈے کے فساد پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

وزیر ریلوے کا گزشتہ روز پیش آنے والے سانحہ لاہور کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہم عدالتی تحقیقات کا انتظار کررہے ہیں جس کا دوسروں کو بھی انتظار کرنا چاہئے، تحقیقات کی پورٹ سامنے آنے کے بعد پولیس کا جتنا بھی اعلیٰ افسر ملوث ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو مستعفی ہونے کا مشورہ دینے والے عمران خان پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، جب خیبر پختونخوا میں خسرے کی ویکسین سے بچوں کی ہلاکتیں ہورہی تھیں تو اس وقت نہ پرویز خٹک مستعفیٰ ہوئے اور نہ ہی عمران خان نے قوم سے معافی مانگی۔

خواجہ سعد رفیق سانحے کے دوران سرعام توڑ پھوڑ کرنے والے گلوبٹ نامی شخص کے حوالے سے کہا کہ اس کا نہ تو سلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی اس جیسے بدمعاش اور لفنگے شیر لاہور کہلانے کے مستحق ہیں۔