بھارت میں 12 انچ لمبی دم نما چوٹی والے بچے کو بھگوان مان کر پوجا پاٹ شروع کر دی گئی

India

India

لکھنو (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں لوگوں نے 12 انچ لمبی دم نما چوٹی کے حامل بچے کو بھگوان ہنومان کا اوتار قرار دے کر اس کی پوجا پاٹ شروع کر دی۔ بھارتی ریاست اترپردیش کے گاؤں نجمہ پور کے 6 سالہ امر سنگھ کی پیٹھ پر ریڑھ کی ہڈی کے اختتام پر 12 انچ لمبی دم نما چوٹی موجود ہے جس پر علاقے کے لوگوں نے بچے کو ہندوؤں کے دیوتا ہنومان کا اوتار قرار دے کر اس کی پوجا پاٹ شروع کر دی ہے، بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ امر سنگھ کی پشت پر پیدائشی طور پر بال تھے جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتے گئے پہلے پہل انہوں نے اسے کاٹ دینے کو سوچا پھر انہوں نے اسے بھگوان کا تحفہ سمجھ کر قبول کر لیا۔

دوسری جانب ماہرین طب کی جانب سے اس عمل کو ’’اسپائنا بفٹا‘‘ نامی پیدائشی نقص قرار دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ دوران حمل تخلیق کے ابتدائی ایام میں بچے کی ریڑھ کی ہڈی صحیح طور پر نہیں بن پاتی، بعض اوقات اس سے جسمانی اور ذہنی معذوری بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اور اگر پیدائش کے بعد اس کا علاج نہ کیا جائے تو اس جگہ بال اگ آتے ہیں۔